مزید خبریں

جوہری ٹیکنالوجی پر چند ممالک کی اجارہ داری مسترد

اقوام متحدہ (اے پی پی)پاکستان نے جوہری، حیاتیاتی ،کیمیائی اور تابکاری ہتھیاروں کے عدم پھیلائو کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کے ساتھ ساتھ غیر ریاستی عناصر کی روک تھام اور ریاستوں کے پرامن مقاصد کے لیے دوہری استعمال کی ٹیکنالوجی کے استعمال کے جائز حقوق کے تحفظ پر زور دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے فرسٹ سیکرٹری گل قیصر نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 1540کے جائزہ پر مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے حامل چندممالک کی ایسے مواد، ٹیکنالوجی اور آلات تک رسائی پر اجارہ داری نہیں ہونی چاہیے ، نہ ہی انہیں کثیر الجہتی برآمدی کنٹرول کو اپنے سیاسی اور اسٹریٹجک مفادات کو آگے بڑھانے کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرناچاہیے۔انہوں نے اقوام متحدہ کی سرپرستی میں ایک اوپن اینڈڈ ورکنگ گروپ (او ای ڈبلیو جی ) کے قیام کی تجویز پیش کی تاکہ ٹیکنالوجی، مواد اور آلات تک زیادہ مساوی رسائی کے لیے سفارشات تیار کی جا سکیں ، انہوں نے کہا کہ ہمیں ہتھیاروں کے پھیلائو کے اصل محرکات، ریاستوں کے عدم تحفظ جیسے مسائل کو حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جوہری عدم پھیلائو ایک عالمی نصب العین ہے جسے اقوام متحدہ کے چارٹر کے فریم ورک کے تحت فروغ دینا چاہیے۔