مزید خبریں

نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی پر حکمران اتحاد اختلافات کا شکار

اسلام آباد (صباح نیوز) نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی کے معاملے پر حکمران اتحاد میں اختلافات سامنے آگئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق حکومت کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے چیئرمین نیب کے لیے عدالت عظمیٰ کے سابق جج جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام پر اتفاق کرلیا گیا تھا تاہم مسلم لیگ (ن) نے مقبول باقر کے نام پر تحفظات ظاہر کردیے ہیں۔ ن لیگ نے کہا کہ ریٹائرڈ ججز کو چیئرمین نیب لگانے کے اثرات ہم بھگت چکے ہیں اس لیے کسی اچھی شہرت کے حامل بیورو کریٹ کا نام تجویز کردیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری مقبول باقر کے نام پر ہی بضد ہیں جس کے متعلق انہوں نے کہا کہ جسٹس (ر) مقبول باقر کی شہرت اچھی اور غیر متنازع ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو مزید نام بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کو سابق سرکاری افسران کے نام دینے کی درخواست کی ہے۔