کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے PSTاور JEST ملازمتوں میں رشوت کے عوض نا اہل اور من پسند لوگوں کو ملازمتیں دینے اور کراچی کے اہل نوجوانوں کو ان کے حق سے محروم اور پریشان کرنے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت اور محکمہ تعلیم کے رویے اور طرزِ عمل کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کے اہل اور کامیاب امیدواروں کو ملازمتیں دی جائیں، ان کو ان کے قانونی اور جائز حق سے محروم کرنا سراسر ظلم و زیادتی ہے اور کراچی دشمنی ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے PSTاور JESTملازمتوں کے امیدواروں کے ایک وفد سے ادارہ نورحق میں ملاقات کے دوران کیا، ملاقات میں پبلک ایڈ کمیٹی کے سیکرٹری نجیب ایوبی اور تعلیمی کمیٹی کے نگران ابن الحسن ہاشمی بھی موجود تھے۔ وفد نے ملازمتوں کے حصول میں سندھ حکومت اور متعلقہ محکمے کے ملازمین کی جانب سے پیدا کی جانے والی رکاوٹوں، ناجائز ہتھکنڈوں اور رشوت کے راستے کھولنے کی کوششوں سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ایجوکیشن اور لٹریسی ڈپارٹمنٹ کے تحتPSTاورJEST ملازمتوں کے لیے ستمبر2021ء میں امتحانات ہوئے، کامیاب امیدواروں کی میرٹ لسٹ آویزاں کرنے کے بعد اہل امیدواروں کو پریشان کرنے ملازمتوں میں رشوت لینے کا راستہ بنایا جا رہا ہے۔ کامیاب امیدواروں کا تناسب بڑھانے کے لیے حکومت سندھ نے 5فیصد کی خصوصی رعایت دی اس کے باوجود جب امیدوار اہلیت پر نہ اُتر سکے تو کراچی کے اہل امیدواروں کو مختلف حیلوں، بہانوں سے ملازمت دینے سے انکار کیا جا رہا ہے، اعلیٰ حکام سے رابطہ کرنے پر انہوں نے سرے سے اس امر سے انکار کیا لیکن حقیقت یہ ہے کہ مختلف ڈسٹرکٹ آفسز سے اہل امیدواروں سے ناروا سلوک کیا جا رہا ہے، حافظ نعیم الرحمن نے ان اطلاعات پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا اور کہا کہ ایک طرف سندھ حکومت اول روز سے کراچی دشمنی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور شہری ملازمتوں پر بھی کراچی کے شہریوں کو ملازمت دینے سے یکسر انکاری ہے مگر جب ایک عرصے کے بعد 50ہزار ملازمتوں میں سے بھی کراچی کا کوٹا صرف6ہزار ہے اور اس پر بھی کراچی کے نوجوانوں کو نوکری دینے میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر اس رویے کو تبدیل کیا جائے اور کراچی کے اہل امیدواروں کو بلاتفریق آفر لیٹر جاری کیے جائیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے اس سلسلے میں متاثرین کا اجلاس طلب کر نے اور ان کی مشاورت سے اس مسئلے پرپیش رفت اور احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے ہدایت بھی کی۔