مزید خبریں

کینیڈا میں ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر پابندی

اوٹاوا (انٹرنیشنل ڈیسک) کینیڈا کی حکومت نے ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کردی۔ خبررساں اداروں کے مطابق امریکا میں فائرنگ کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کے لیے اوٹاوا حکومت نے اسلحہ کے استعمال پر پابندی لگا نے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر پابندی لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات کے پیش نظر پابندی لگانا ناگزیر تھا۔ پابندی کے فیصلے سے نشانہ بازی کے مقابلوں اور سیکورٹی گارڈز کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ حکم نامے کے مطابق وہ کینیڈین شہری جن کے پاس پہلے سے اسلحہ ہے، انہیں ہتھیاررکھنے کی اجازت ہو گی۔جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ حکومت نجی طور پر ہتھیاروں کو رکھنے اور ملک کے اندر ان کی خرید وفروخت کے خلاف مزید سخت اقدامات کرے گی۔ ٹروڈو نے مزید کہا کہ گھریلو تشدد میں ملوث شہریوں سے اسلحہ رکھنے کا ان کا لائسنس واپس لے لیا جائے گا۔ اس کے علاہ اسلحہ کی غیر قانونی تجارت پر دی جانے والی سزاؤں کو بھی سخت کر دیا جائے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے دوران امریکا میں فائرنگ کے کئی واقعات تواتر سے پیش آئے تھے،جس کے بعد ایک بار پھر ملک میں گن کنٹرول پر بحث شروع ہوگئی تھی۔ اس کے بعد کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں بھی ایک بندوق بردار شخص کو سڑک پر گھومتے دیکھ کر پولیس اہل کاروں نے اسے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔ امریکی صدر بائیڈن کئی بار گن کنٹرول کا مطالبہ کرچکے ہیں۔