مزید خبریں

ون ڈے سیریز ، ملتان اسٹیڈیم میں تیاریاں عروج پر

ملتان (جسارت نیوز)پاکستان اورویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریزکاپہلامیچ 8جون کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔یہ سیریز راولپنڈی میں کھیلی جانی تھی لیکن غیریقینی صورتحال کے باعث پنجاب حکومت نے ان میچوں کو ملتان منتقل کردیا ہے ۔ملتان میں پہلے ایک روزہ میچ کی تیاریاں کرکٹ اسٹیڈیم میں جاری ہیں ۔ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیزکے خلاف سیریز کے سلسلے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کاتربیتی کیمپ یکم جون سے4جون تک لاہورمیں منعقدہوگا۔جس کے بعد یہ اسکواڈ5 جون کو ملتان چلاجائے گا۔ویسٹ انڈیزکی کرکٹ ٹیم 6جون کواسلام آباد پہنچے گی ،یہاں سے خصوصی طیارے کے ذریعے اسے ملتان بھیج دیاجائے گا۔ 8،10اور12جون کو منعقدہونے والے یہ میچ ڈے اینڈنائٹ ہوں گے اورمیچوں کاآغازشام 4بجے ہوگا۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ان میچوں کے انعقاد کے لیے تیاریاں جاری ہیں پویلین میں صفائی کاکام اوررنگ وروغن ہورہاہے ۔گرائونڈ سے اضافی گھاس کاٹنے کاعمل جاری ہے اورمقامی عملہ پچ کی تیاری میں بھی مصروف ہے ۔کرکٹ اسٹیڈیم میں 3 پچز تیارکی جارہی ہیں اورکرکٹ بورڈ اورملتان انتظامیہ کاعملہ میچ کے کامیاب انعقاد کے لئے سرگرم ہے ۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ آج سے لاہور میں شروع ہوگا جس کے لیے 16 رکنی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کو قذافی اسٹیڈیم میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ڈپٹی کمشنرملتان محمد طاہر وٹو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پاک ویسٹ انڈیز سیریز کیلئے 5 جون سے 12 جون تک ضلع کی سکیورٹی ریڈ الرٹ رہے گی۔اسٹیڈیم اور روٹس پر ضلعی محکموں و پولیس کی جانب سے فول پروف انتظامات کا آغازکردیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ پولیس اور انتظامیہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔