مزید خبریں

ایشیا ہاکی کپ ، دفاعی چیمپین ،بھارت ایونٹ سے باہر

جکارتہ(جسارت نیوز)دفاعی چمپئن بھارت مینز ہاکی ایشیا کپ سے باہر ہو گیا، ملائیشیا اور جنوبی کوریا نے شاندار کارکردگی کی بدولت فائنل میں جگہ بنا لی، دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن معرکہ آج ہو گا۔11ویں ایشیا کپ کے دلچسپ مقابلے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جاری ہیں، منگل کو سپر فور مرحلے کے پانچویں میچ میں ملائیشیا نے جاپان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-5 سے شکست دی ، ملائیشیا کی جانب سے شیلو سلوریئس نے 15 ویں، ایمن روزمی نے 30ویں، عبد الرحیم نے 34 ویں، محمد حسن نے 35 ویں اور عشران ہمسانی نے 42 ویں منٹ میں گول کیا۔ بھارت اور جنوبی کوریا کے مابین چھٹا اور آخری میچ کانٹے دار مقابلے کے بعد 4-4 گول سے برابر رہا۔ سپر فور مرحلے کے اختتام پر ملائیشیا، جنوبی کوریا اور بھارت نے 5، پانچ پوائنٹس حاصل کیے تاہم بہتر گول اوسط کی بنیاد پر ملائیشیا اور جنوبی کوریا نے فائنل میں جگہ بنا لی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان فائنل آج کھیلا جائے گا، اسی روز تیسری پوزیشن کے میچ میں بھارت اور جاپان جبکہ پانچویں پوزیشن کے میچ میں پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔