مزید خبریں

میرپورخاص، دکانداروں کی من مانیاں، دودہ زائد نرخ پر فروخت

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) میرپورخاص کنزیومر کورٹ کے جج نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ دودھ کے سرکاری نرخوں پر عمل در آمد کرایا جائے ، دودھ کی زائد قیمتوں کے حوالے سے بار کونسل کے وکیل کی جانب سے کیس داخل کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق بار کونسل میرپورخاص کے وکیل جی کے رضوان کی جانب سے میرپورخاص کی کنزیومر پروٹیکشن کورٹ میں دودھ کی مقرر کردہ سرکاری قیمت 110 روپے فی کلو گرام کے بجائے گوالوں کی جانب سے دودھ 130سے 140 روپے کلو فروخت کرنے اور قیمتوں میں من مانے اضافے کے خلاف کیس داخل کیا تھا جس پر کورٹ نے تمام فریقین کو نوٹس جا ری کیے اور آج اس کیس کی سماعت ہوئی جس میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تعلقہ حسین بخش مری کے مختار کار راشد احمد نے کورٹ کو بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اعلی کوالٹی کے دودھ کی فی کلو قیمت 110روپے مقرر ہے اور انتظامیہ کی جانب سے زائد قیمتوں کی شکایات پر دودھ کی دکانوں پر چھاپے مارے گئے اور کئی دکانداروں پر ہزاروں روپے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں جبکہ دودھ فروخت کرنے والوں کی تنظیم کے صدر محمد اسلم جنرل سیکرٹری محمد رضوان بھی عدالت میں پیش ہوئے عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے ٹیم تشکیل دی جائے اور وہ دودھ کی دکانوں پر چھاپے مار کر قیمتیں اور دودھ کی کوالٹی بھی چیک کریں اور اپنی کارروائی کی پندرہ روز میں رپورٹ پیش کریں۔