مزید خبریں

اسرائیل کو تسلیم کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے، جاوید قصوری

لاہور (وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے خواب دیکھنے والے ملک و قوم کے خیر نہیں ہوسکتے۔ اسرائیل ایک ناجائز یہودی ریاست ہے، جس کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی نقطہ ہے۔ جس کو بانی پاکستان محمد علی جناح نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے خود مرتب کیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو مکمل طور پر امریکا کی حمایت حاصل ہے اور وہ امریکا کے ساتھ مل کر عرب ممالک کے ساتھ تعلقات استوار کرکے اپنے اصل دشمن پاکستان کو تنہا کرنا چاہتا ہے اور بد قسمتی سے پاکستان اندر موجود چند مٹھی بھر عناصر ان کی مدد کررہے ہیں۔ فلسطین کے حوالے سے حکومت پاکستان کو اپنی پالیسی کی وضاحت کرنی ہوگی۔ محض سرکاری ٹی وی کے اینکر کو بر طرف کرناکافی نہیں، قوم کے سامنے لایا جائے کہ اس دورے کا اصل مقصد کیا تھا اور وزارت خارجہ نے حقائق قوم سے کیوں چھپائے۔؟ انہوں نے کہا کہ سامراج کے اشاروں پر اسرائیل سے دوستی کی باتیں شرمناک اقدام ہوگا۔ مسجد اقصی ٰ پر اسرائیلی فوجی پہرے میں یہودی قوم پرستوں کا فلیگ مارچ کے ساتھ دھاوا بولا گیا اور دنیا بھر کے میڈیا نے دکھایا کہ کیسے یہودی فلیگ مارچ کرتے ہوئے مسلمانوں کے قبلہ اول میں داخل ہوئے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عالمی برادری،انسانی حقوق کی علمبردار این جی اوز اور بے حس اقوام متحدہ کا کردر قابل مذمت ہے۔ اسرائیل کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے او آئی سی کو حقیقی معنوں میں فعال اور موثر بنانا ہوگا۔