مزید خبریں

میرپورخاص: 2 بیٹوں کے اغواء کیخلاف والد کا احتجاج

 

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) 20لاکھ روپے تاوان ادا کرنے کے بعد بیٹے کو رہائی ملی دوسرا بیٹا تاحال لاپتا ہے اعلیٰ حکام میرے بیٹے کی بازیابی کے لیے میری مدد کریں میرے لاپتا بیٹے کی جان کو خطرہ ہے۔ یہ بات میرپورخاص کے علاقے امہ ہانی ٹائون کے رہاشی سلیم خان نے اپنے بازیاب ہونے والے بیٹے احمد خان کے ہمراہ میرپورخاص پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے صحافیوں کو بتائی۔ انہوں نے کہا کہ10مئی کی رات عجب خان پاندی خان گلاب خان اور نواب خان نے میرے بیٹے احمد خان اور نعیم خان کورنگ روڈ پر شدید تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائر کرکے زخمی کردیا تھا اور دونوں کا اغوا کرکے لے گئے تھے جس کا مقدمہ متعلقہ تھانے میں درج ہے چند روز قبل اغوا کاروں نے مجھ سے 20لاکھ روپے تاوان طلب کیا میرے بھائی شیر محمد نے اغواہ کار پاندی خان کو تاوان کی رقم ادا کی جس کے بعد میرے بیٹے احمد خان کو انہوں نے ٹنڈوالیار کے قریب چھوڑ دیا۔ تاہم انہوں نے میرے دوسرے بیٹے نعیم خان کو اب تک نامعلوم مقام پر اغوا کر کے رکھا ہوا ہے اور اس کی رہائی کے بدلے مزید تاوان طلب کررہے ہیں پولیس کو تمام صورتحال سے آگاہ کرچکا ہوں لیکن پولیس میری مدد نہیں کررہی ہے اور نہ ملزمان کو گرفتار کرنے پر تیار ہے مجھے نہیں معلوم کہ میرا بیٹا نعیم خان زندہ بھی ہے یا مرچکا ہے۔