مزید خبریں

ایس ایم منیر کا تجارتی سیاست چھوڑنے کا فیصلہ ، جلد اعلان متوقع

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سرپرست اعلیٰ اور پاکستان کے معروف بزنس لیڈر ایس ایم منیر نے آئندہ تین سے چار روز میں تجارتی سیاست سے کنارہ کش ہونے اور یونائٹیڈ بزنس گروپ کے حوالے سے اہم اقدام کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے،ایس ایم منیر4جون کو ایک ماہ کے لیے کینیڈا جارہے ہیں اور کینیڈا روانگی سے قبل وہ اپنے اس فیصلے کا اعلان کریں گے۔باخبر ذرائع کے مطابق ایس ایم منیر یونائٹیڈ بزنس گروپ کی مرکزی قیادت کی ناقص کارکردگی اورلاپرواہی سے نالاں ہیں۔اس ضمن میں جب میڈیا کے نمائندوں نے ایس ایم منیر سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ میں نے بزنس کمیونٹی کی خدمت میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی تھی اور اپنے دونوں گردے بزنس کمیونٹی کی خدمت اور یو بی جی کی بقاء میں قربان کردیے،صحت خرابی کے باوجود میں نے بزنس مین گروپ کو ہرممکن طور سے کامیابی کے ساتھ چلایا لیکن مجھے افسوس ہے کہ جن لوگوں کو میں نے ذمہ داریاں دیں وہ رہنما ء کام نہیں کررہے،میں اپنے گروپ کے ہررہنماء کو باقاعدگی کے ساتھ ای میل کرتا ہوں مگر نہ تو ان ایل میلز کو پڑھا جاتا ہے اور نہ ہی ان کا جواب دیا جاتا ہے، میری صحت بھی اب اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ میں مزید یو بی جی کی سرپرستی کروں ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسلام آباد میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کی ایک میٹنگ میں مجھ سے وعدہ کیا گیا تھا کہ گروپ لیڈران کام کریں گے اور مجھے آرام سے بیٹھنا چاہیے مگر کئی ماہ گزرجانے کے باوجود ہمارے لوگ فعال کردار ادا نہیں کرپائے اور نہ ہی چیمبرز وایسوسی ایشن کے نمائندوں سے رابطے میں رہے،کام کیے بغیر گروپ کی کارکردگی بہتر نہیں ہوسکتی۔انہوں نے کہا کہ میں اور میری بیگم کی طبیعت زیادہ ناساز ہے اور میری فیملی کا دبائو ہے کہ میں یو بی جی کو چھوڑ دوں ،میں نے چند روز پہلے باضابطہ استعفیٰ دے دیا تھا لیکن گروپ کے میرے دوستوں اور مجھ سے پیارکرنے والوں نے مجھے مجبور کیا کہ میں اپنا استعفیٰ واپس لوں، افتخار علی ملک کی جگہ منتخب یو بی جی چیئرمین شہزادعلی ملک نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ وہ گروپ سنبھال لیں گے،ہم نے92افراد کا تھک ٹینک قائم کیا تھا جس کی میٹنگ شہزادعلی ملک کو کورونا ہونے کی وجہ سے ملتوی کی گئی مگر پھر یہ میٹنگ دوبارہ نہ ہوسکی۔ایس ایم منیر نے کہا کہ کوئی عرش پر سے تو اتر کر کام کرنے نہیں آئے گا بلکہ کامیابی کے لیے راستے خود بنانے پڑتے ہیں۔ایس ایم منیر نے ایک سوال پر کہا کہ ہمارے گروپ کا یہی منشور تھا کہ حیات لے کے چلو،کائنات لے کے چلو۔چلوتو سارے زمانے کو ساتھ لے کے چلو،اسی منشور پر عمل کرکے ہم نے ایف پی سی سی آئی میں یو بی جی کے پلیٹ فارم سے پہلا الیکشن سوئپ کیا تھا۔ایس ایم منیر نے کہا کہ اس وقت ملکی اکنامی کا برا حال ہے،میری وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں حکومت میں شامل جماعتوں اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے گزارش ہے کہ وہ مشترکہ جدوجہد کے ذریعہ پاکستان کی معیشت کو سنبھالیں کیونکہ اگر پاکستان ہے تو سب کی سیاست چلے گی۔