حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)گنجو ٹکر پر سو ایکڑ زمین پر مشتمل یونیورسٹی کے قیام اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کالی موری حیدرآباد کو درپیش مسائل کے حل کے لیے آج ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ڈویژنل کمشنر حیدرآبادندیم الرحمن میمن کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقد ہوا جس میں ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد رینج پیر محمد شاہ ، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کالی موری حیدرآباد کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف ، ڈپٹی کمشنر حیدرآباد فواد غفار سومرو ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد شعیب ملک سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں باتیں کرتے ہوئے کمشنر حیدرآباد نے واسا ، حیسکو ، بلدیہ اعلیٰ سمیت دیگر اداروں کے افسران کو یونیورسٹی کے قیام اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کالی موری حیدرآباد میں بجلی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کے لیے سروے کا کام مکمل کر کے انہیں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے واسا کے افسران کو ہدایات کی کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کالی موری حیدرآباد کے نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے اور اس ضمن میں جمعہ تک یہ رپورٹ ان کے دفتر میں جمع کرائی جائے ۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلیٰ کو ہدایت کی کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کالی موری حیدرآباد کے سامنے والے روڈ کی مرمت اور پارک کی بحالی کے لیے اقدامات کیے جائیں جبکہ پولیس چوکی کے قیام کے معاملے پر باتیں کرتے ہوئی ڈی آئی جی پولیس حیدرآباد رینج پیر محمد شاہ نے کہا کہ گورنمٹ کالج یونیورسٹی کالی موری حیدرآباد میں جگہ کا تعین کیا جائے تو وہاں فوری طور پر مستقل پولیس چوکی قائم کی جاسکے گی ۔ اجلاس میں تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ڈویژنل کمشنر نے متعلقہ افسران کو باہمی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی۔