میرپورخاص (نمائندہ جسارت) اسرائیل، امت مسلمہ کے سینے پر گھپا خنجر ہے۔امریکا کی ناجائز اولاد اسرائیل سے پینگیں بڑھانے والے امت مسلمہ کا ناسور ہیں۔اسرائیل سے تعلقات اور مراسم کی بازگشت ملک و ملت سے غداری ہے۔ مبینہ پاکستانی وفد کی اسرائیل روانگی اور اسرائیلی حکام سے ملاقاتیں سوالیہ نشان ہیں۔حکمران اپنی پوزیشن واضح کریں اور اپنی نااہلی کا اعتراف کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگیں۔جماعت اسلامی پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ سے باہر، شہروں اور دیہات میں نامنظور اسرائیل کی تحریک برپا کرے گی ۔ جماعت اسلامی کسی صورت اسرائیل کے وجود کو تسلیم نہیں کرتی۔اسرائیل جانے والے پاکستانی صحافی اور وفد میں شامل تمام ممبران کی پاکستانی شہریت فی الفور ختم کی جائے۔ان غداران ملت کی ملک میں داخلے پر پابندی عائد کی جا ئے۔ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی میرپورخاص محمد رفیق چوہان، سیکرٹری ظفراقبال مجاہد و دیگر ذمے داران نے مبینہ پاکستانی وفد کی اسرائیلی دورہ کرنے کی ناپاک جسارت پر اپنے مشترکہ ردعمل میں کیا۔ جماعت اسلامی کے ذمے داران نے مزید کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس اور مسجد اقصیٰ اور مظلوم فلسطینی عوام گزشتہ ایک صدی سے اسرائیلی دہشت گردی کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔اسرائیلی افواج نے امت کے جسم کو زخموں سے چور کیا ہوا ہے۔دوسری جانب امریکا اور اسرائیل کے لے پالک مسلم اقوام پر مسلط حکمران امت کے زخموں پر نمک چھڑکنے میں مصروف ہیں۔معصوم فلسطینی بچوں عورتوں اور بوڑھوں کی آہیں اور چیخیں ان ظالم حکمرانوں کو سنائی نہیں دیتی۔اقتدار کے نشے میں مست حکمران کان کھول کر سن لیں ملت اسلامیہ پاکستان کا بچہ بچہ کٹ مرے گا مگر اسرائیل کے ناپاک وجود کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔