مزید خبریں

اداروں سے پوچھتی ہوں کیا عمران خان کو کھلی چھوٹ ملے گی،مریم نواز

مری (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کے عزائم دہشت گردوں جیسے ہیں‘ دہشت گرد بھی اسی طرح ہتھیاروں کے ساتھ حملہ آور ہوتے ہیں اور میں پورے وثوق کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ یہ جہاد نہیں فساد ہے اور اس فساد کو روکنا عین جہاد ہے‘ اداروں سے سوال کرتی ہوں کہ کیا اس دہشت گرد کو کھلی چھٹی ملے گی؟ آپ کے خلاف نیا ردالفساد لانچ کریں گے۔ مری میں خیبر پختونخوا سوشل میڈیا ٹیم کے ممبران سے ملاقات کے بعد خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان آئی ایم ایف کے ہاتھوں پاکستان کو گروی رکھ کر گیا، اس سے بڑی سازش کوئی نہیں ہوسکتی‘ اس نے سعودی عرب جیسے دوست ملک کو بھی ناراض کر دیا‘چینی دوستوں نے بھی عمران حکومت کی شکایات کیں‘ اس نے ترک منصوبوں کو بھی بری طرح نقصان پہنچایا‘عمران حکومت نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو بند کر دیا۔ مریم نواز نے کہا کہ گزشتہ روز ایک انٹرویو میں عمران خان نے اپنے لوگوں کے مسلح ہونے کا اعتراف جرم کیا، اس کا یہ لانگ مارچ ناکام ہوا‘ زبیر نیازی کے گھر سے اتنا اسلحہ نکلا جیسے کسی جنگ میں جا رہا ہو‘ آپ کس نیت سے وفاق پر حملہ آور ہونے آ رہے تھے‘ ان کا لانگ مارچ کیسے پُرامن ہو سکتا ہے‘ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ایک صوبے کو دوسرے صوبے سے لڑانے کی گھناؤنی سازش کر رہا ہے‘ یہ عزائم صرف اور صرف ایک دہشت گرد کے ہوتے ہیں‘ پاکستان بھی ان شااللہ آپ کے خلاف ایک نیا ردالفساد لانچ کرے گا‘ عمران خان نے سیاسی رہنما ہونے کا نقاب اپنے چہرے پرچڑھایا ہوا ہے‘ اگرتم نے دہشت گردی پھیلانی ہے تو نقاب ہٹا کر آؤ پھر دیکھتے ہیں کون جیتتا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ اس کو پتا ہے اکتوبر، نومبر گزر گیا تو اس کی سازش ناکام ہوجائے گی‘ اس انتشارکا مقصد عمران کی ذاتی انا ہے‘کرسی جانے پر اس کے سر پر بُری چوٹ لگی ہے، یہ واپس کرسی لینا چاہتا ہے، کرسی لیکر بھی وہی کرے گا جو پچھلے 3 سال کیا‘ ابھی عمران حکومت کا 40 واں نہیں ہوا شہبازشریف نے آٹا 40 روپے کلو کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہکبھی اسٹیبلشمنٹ، کبھی زرداری کو کہتا ہے بچالو، بچالو، تحریک عدم اعتماد سے پہلے اس نے زرداری صاحب کے پاس بندے بھیجے، زرداری نے اسے کہا امپاسبل‘ رات کو زرداری کے پاؤں پکڑتا تھا‘ یہ اس کا اصل چہرہ ہے‘ امریکا کو للکارنے والا لیڈرآج پشاورکے بنکرمیں چھپ کربیٹھا ہے‘ پہلے اسٹیبلشمنٹ کو آوازیں دیتا رہا ‘وہ نمبر تو بدل گیا تھا‘ باقی لوگوں نے سبق سیکھا اور اپنے آپ کو آئینی رول تک محدود کیا، جب انہوں نے کہا نیوٹرل تو انہیں میر جعفر، میرصادق کہتا رہا، ماجد خان سے علیم خان تک اس نے ہر احسان کرنے والوں کو ڈسا‘ عدلیہ کو فتنہ پرست سیاست میں گھسیٹ رہا ہے‘ یہ عدلیہ کے چند ججز کو بھی ثاقب نثار بنانا چاہتا ہے، یہ عدلیہ میں ثاقب نثار اور اسٹیبلشمنٹ میں اس نمبر کو ڈھونڈ رہا ہے، جب تم منہ کھولتے ہو تو غلاظت ٹپکتی ہے، لکھ کردیتی ہوں جب تک عمران خان سیاست میں ہے پاکستان ایک انچ بھی ترقی نہیں کر سکتا ۔