سرینگر (اے پی پی)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائیوں کے دوران ضلع پلوامہ میں 2اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے اونتی پورہ کے گائوں راج پورہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔بھارتی فوجیوں نے سرینگر ، کپواڑہ ، بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، شوپیاں ، اسلام آباد ، کولگام ، ڈودہ ، راجوری اور پونچھ کے اضلاع میں بھی تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ ادھر ضلع پونچھ کے علاقے سوجیان میں ایک دھماکے میں ایک بھارتی فوجی زخمی ہو گیا۔ گزشتہ روز ظالم فورسز نے گڈی پورہ میں 2 نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کیا تھا۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک قابض فورسز کا وادی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن جاری تھا۔ ضلع کولگام کے علاقے گوپال پورہ کے ہائی اسکول میں حملہ آوروں نے ایک خاتون ٹیچر پر فائرنگ کر دی جس سے وہ ہلاک ہوگئی۔ مقتول ٹیچر کی شناخت رجنی کے طور پر ہوئی ہے جو ضلع سانبہ کے رہائشی راج کمار کی بیوی تھی۔علاوہ ازیں مقبوضہ کشمیر میں امرناتھ یاترا کی سیکورٹی کی آڑ میں15 ہزار مزید بھارتی فوجیوں کی تعیناتی کا سلسلہ جاری ہے اور اس سلسلے میں بھارتی فوجیوں کا پہلا قافلہ گزشتہ روز وادی کشمیر پہنچ گیا ہے۔مزید برآں بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر قیدجموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک جنہیں بھارت کی کینگرو کورٹ نے ایک جھوٹے مقدمے میں غیر منصفانہ طورپر عمر قید کی سزا سنائی ہے کی والدہ اور بہن کوجیل حکام نے ان سے ملا قات کی اجازت نہیں دی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق جیل میں یاسین ملک کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے جہاں ان کی سخت نگرانی کی جارہی ہے ۔ ادھر بھارت کی ایک عدالت نے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے سربراہ مفتی محمد سعیداور پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کی بہن ڈاکٹر ربیعہ سعید کو15 جولائی کو یاسین ملک کے خلاف گواہی کے لیے طلب کیا ہے۔