مزید خبریں

کسی جتھے کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ کسی گروہ یا جتھے کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیں گے، لا اینڈ آرڈر کی فضا کو ہرصورت برقرار رکھا جائے، امن عامہ قائم رکھنے کے لیے پنجاب پولیس کی مکمل سپورٹ جاری رکھیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں لاہور سے تاوان کیلیے اغوا ہونے والے بچے کی بحفاظت بازیابی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بچے کی بحفاظت بازیابی یقینی بنانے پر لاہور پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔ اجلاس سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلیے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے، کسی گروہ یا جتھے کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، 25 مئی کو قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے، ریاست کی رٹ کو چیلنج نہیں کرنے دیا جائے گا۔