مزید خبریں

سندھ ہائی کورٹ نے336ویکسی نیٹرزکوبحال کردیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عدالت عالیہ سندھ نے محکمہ صحت کے 336 ویکسی نیٹرز کی بحالی سے متعلق درخواست منظور کرتے ہوئے ان کی بحالی کاحکم دے دیا۔عدالت نے محکمہ صحت کوتمام ویکسی نیٹرز کی سروسز 2020 سے سینیارٹی کے ساتھ بحال کرنے کی ہدایت کی ، محکمہ صحت نے تمام ویکسنیٹرز کو یکم جون 2020 کو معطل کردیا تھا۔ درخواست گزاروں کا موقف تھا کہ محکمہ صحت کادعویٰ ہے کہ انہیں عدالتی حکم پر معطل کیا گیا ہے۔ 2018 میں این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی ہونے والے ویکسی نیٹرزنے کورونا کے دوران خدمات انجام دی تھیں۔ادھرریڈ لائن بس سروس کا ٹریک بنانے کے لیے ہزاروں درختوں کی کٹائی کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریڈ لائن بھی تو عوام کی فلاح و بہبود کے لیے بن رہی ہے،فی الحال حکم امتناعی جاری نہیں کریں گے۔ علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے کالعدم تنظیم کے لیے فنڈز جمع کرنے کے الزام میں سزا کے خلاف ملزم سید ضیا حسین کی اپیل منظور کرتے ہوئے سزا کالعدم قراردے دی۔ملزم کو مجموعی طور پر15سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔ واضح رہے کہ ملزم اوراس کے ساتھیوں کے قبضے سے 2200 روپے برآمد ہوئے تھے۔