مزید خبریں

ملک کے مختلف علاقوں میں حادثات 7افراد جاں بحق

گھوٹکی‘ کوئٹہ (صباح نیوز‘ اے پی پی) ملک کے مختلف علاقوں میں جان لیوا حادثات رونما ہونے کے باعث7 افراد جاں بحق جبکہ13 زخمی بھی ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کے علاقے موٹر وے ایم فائیو کے مقام پر تیز رفتار مسافر کوچ ڈرائیور سے بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ 5افراد جاں بحق جبکہ 13افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے بیشترکی حالت تشویشناک بتائی گئی جنہیں طبی امداد کے لیے سکھر اور گھوٹکی کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا،مسافر کوچ پشاور سے کراچی جا رہی تھی، زخمیوں اورجاں بحق افراد میں بچے بھی شامل ہیں۔علاوہ ازیںبلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ٹریکٹر زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا ، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکا ہوا اور ٹریکٹر پر سوار2 حقیقی بھائی جاں بحق ہوگئے ۔ ڈپٹی کمشنر ہرنائی کے مطابق یہ واقعہ ہر نائی کے نواحی علاقے سرلیزہ میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے کوئلہ کانوں کی جانب جانے والی کچی سڑک پر بارودی سرنگ بچھا رکھی تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز فورس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے ، جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں ، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔