مزید خبریں

ذہنی دباؤ سے بچیں اور صحت مند رہیں،ماجو میں سیمینار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)محمد علی جناح یونیورسٹی میں شعبہ سائیکالوجی کے تحت پروفیشنل یوتھ فاؤنڈیشن آف پاکستان کے تعاون سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا موضوع’’ یوتھ سوشل انزائٹی اینڈ ڈپریشن ‘‘ تھا۔ سیمینار سے خطا ب کرتے ہوئے موٹیویشنل اسپیکر کاشف اکرام نے کہا کہ نوجوانوں میں بے چینی اور ذہنی دباؤ کی مختلف وجوہات ہیں، ہماری سوچیں رویوں کو تبدیل کردیتی ہیں،90فیصد بیماریاں جو جسم کے اندرونی حصوں کو متاثر کرتی ہیں ان کا تعلق ذہنی دباؤ او ر بے چینی سے ہوتا ہے۔آج جدید سائیکالوجی سوچ اور رویوں کو فوکس کررہی ہے،صحت کو بہتررکھنے کیلیے وقت پر نیند پوری کریں،بے وقت سونے کے نقصانات ہیں، طرز زندگی بہتر کریں ،بد قسمتی سے ہم خود کو بدلنے کو تیار نہیں۔ انسانی فلاح و بہبود پر کام کرنے والی مریم فیصل نے کہا کہ مسکرانا صدقہ ہے،ہم مسکراکر بھی لوگوں میں خوشی داخل اور ماحول بہتر کرسکتے ہیں،مسکرانے پر کوئی ٹیکس نہیں ہوتااور نہ ہی فیس ہوتی ہے ہمیں مسکراتے رہنا چاہیے۔انرجی ہیلنگ کے ماہر ڈاکٹر کاشف موٹن نے کہا کہ بے چینی ہماری زندگی کو تباہ کررہی ہے، ہمیں اپنی سوچوں کو مذہبی انداز میں لینا ہوگا سکون آپ کے پاس بھاگ کر آئے گا،روزانہ 30سیکنڈ اپنی آنکھوں کو بند رکھیں اور اللہ کی تعریف بیان کریں پرسکون ہوجائیں گے ۔