مزید خبریں

بنگلا دیش میں جماعت اسلامی کے مزید 3رہنمائوں کو سزائے موت

ڈھاکا(صباح نیوز)بنگلا دیش میں جماعت اسلامی کے مزید3 رہنمائوں کو سزائے موت سنادی گئی۔رپورٹ کے مطابق بنگلا دیش کے بین الاقوامی جرائم ٹریبونل نے 3افراد کو1971ء میں پاکستان کا ساتھ دینے کے خلاف موت کی سزا سنادی۔سینئر پراسیکیوٹر حیدر علی کے مطابق تینوں افراد کا تعلق جماعت اسلامی سے ہے۔سزا پانے والوں میں68 سالہ رضا الکریم مونٹو جنوبی ناگوان میں جماعت اسلامی کے سابق امیر رہ چکے ہیں، دیگر افراد میں 64سالہ نذر الاسلام اور 62سالہ شاہد موندل شامل ہیں۔ ان میں سے نذر الاسلام جو ملک سے باہر ہیں ، ان کی غیر موجودگی میں سزا سنائی گئی ۔بنگلا دیش میں اس سے قبل بھی جماعت اسلامی کے متعدد رہنمائوں کو 1971ء میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔بنگلا دیش کی وزیراعظم شیخ حسینہ نے 2010ء میں متنازع جنگی ٹریبونل تشکیل دیا تھا جس نے جماعت اسلامی کی اعلیٰ قیادت کو پھانسی اور سزائیں سنائیں، جس کے نتیجے میں ملک گیر ہنگامے پھوٹ پڑے اور سیکڑوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔بنگلا دیش کی اعلیٰ عدالت 2013ء میں جماعت اسلامی کے منشور کو ملک کے سیکولر آئین سے متصادم قرار دیتے ہوئے انتخابات میں حصہ لینے پر پابندی عاید کرچکی۔