مزید خبریں

یوٹیلیٹی اسٹورز پر فی کلو گھی208 اور تیل 213 روپے مہنگا ،کھاد کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی واپس

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز پرمختلف برانڈزکے گھی اورکوکنگ آئل کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کردیا گیا۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ایک کلوگھی کی قیمت میں 208 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورزپرمختلف برانڈز کے گھی کی فی کلو قیمت 555 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ مختلف برانڈز کے کوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت میں 213 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز پرکوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت 605 روپے تک پہنچ گئی ہے۔یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کوکنگ آئل اور گھی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جون سے ہوگا۔علاوہ ازیں وفاقی حکومت نے کھاد کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔اعلامیے کے مطابق کھاد کی قیمت مقررکرنے کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا اطلاق فوری ہوگا اور کھاد کی قیمت مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن واپس لینے کے لیے ایس آر او جاری کردیا۔اعلامیے کا کہنا ہے کہ کھاد کے 50 کلو تھیلے کی ریٹیل قیمت 1768روپے مقرر کی گئی تھی جس کا اطلاق فوری طور پر اور 7 جولائی 2022 تک کیا گیا تھا۔حکومت نے گزشتہ ہفتے کھاد کی سرکاری سطح پر قیمت مقرر کی تھی اور قیمت میں 389 روپے تک کمی کی گئی تھی۔کھاد کا 50 کلو کا تھیلا اب پرانی قیمت پر ہی مل سکے گا۔