مزید خبریں

سرکاری حج اخراجات 8 لاکھ 60 ہزار روپے مقرر،ڈیڑھ لاکھ سبسڈی ،پروازوں کا آغاز 6 جون سے ہوگا

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وفاقی حکومت نے رواں سال سرکاری حج اسکیم کے اخراجات کا اعلان کردیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ہر حاجی کو ڈیڑھ لاکھ روپے سبسڈی دینے کی منظوری دی ہے، حج اخراجات شمالی ریجن کے لیے 8 لاکھ 51 ہزار تک رکھے گئے ہیں جب کہ جنوبی ریجن کے لیے حج اخراجات 8 لاکھ 60 ہزارتک رکھے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودیہ لازمی اخراجات 52 فیصد ہیں، فضائی کرایہ 21 فیصد اور دیگر اخراجات 27 فیصد ہیں،کابینہ سے منظوری کے بعد حج پیکج کا اعلان کیا، مہنگا حج پیکج ہمیں ورثے میں ملا ہے، اگر سابق پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ نہ ہوتا تو یہ اخراجات 11 لاکھ تک جاسکتے تھے۔ مفتی عبدالشکور نے کہا کہ 2 سال کے وقفے کے بعد محدود کوٹے کے ساتھ حج کی اجازت دی ہے، پاکستان کا کل کوٹہ ایک لاکھ 80 ہزار سے کم کرکے 81 ہزار 210 کیا گیا ہے، اس سال حج غیر معمولی حالات میں انعقاد پذیر ہے،کورونا کے باعث حج کوٹہ کم ہوا ہے، حج تاخیر اور اخراجات پرسعودی حکام بھی پریشان ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مکہ و مدینہ میں ہوٹل، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیا ہے، 2600 ریال کی گزشتہ 2سال میں فی بیڈ رہائش کو 2100 ریال پرلائے ہیں، 3 وقت کی خوراک میں 27 ریال پاکستانی عازمین سے وصول کیے جائیں گے، 2012 ء کے بعد اس بار حرم کے قریب عازمین کو ٹھہرا رہے ہیں، حج کاکام ہم نے 6 ماہ کے بجائے ایک ماہ میں مکمل کیے ہیں، 80 فیصد عازمین کی ورکشاپس کا عمل ہم مکمل کرچکے ہیں، روڈ ٹو مکہ کے سلسلے میں پہلی فلائٹ 6 جون کو روانہ ہوگی۔دوسری جانب پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق 6جون کو پہلی حج پرواز 329 عازمین کو لے کر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے صبح 4 بجے مدینہ منورہ روانہ ہوگی۔پی آئی اے 15 ہزار سرکاری اسکیم کے تحت استفادہ حاصل کرنے والے عازمین حج کو لے کر جائے گا جبکہ پرائیوٹ آپریٹرز کے 18 ہزار حجاج کرام پی آئی اے کا انتخاب کریں گے۔قبل از حج کی پروازیں 6 جون سے 3 جولائی تک آپریٹ ہوں گی جبکہ بعد از حج کی پروازیں 14 جولائی سے شروع ہوں گی اور 13 اگست تک جاری رہیں گی۔پی آئی اے کا کل حج آپریشن 331 پروازوں پر مشتمل ہوگا، پی آئی اے 5بڑے شہروں اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سے عازمین کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔سی ای او پی آئی اے آپریشن کی خود نگرانی کریں گے، وزیر ہوا بازی نے آپریشن کو حجاج کرام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔