مزید خبریں

بجلی 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری،شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گیا

اسلام آباد (صباح نیوز) مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک بار پھر بجلی بم گرادیا گیا،بجلی 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی گئی، صارفین پر 51 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، ملک بھر میں 12 گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ، شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اپریل کے مہینے کے لیے بجلی 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ بجلی مہنگی کرنے سے کے الیکٹرک اورلائف لائن صارفین کے علاوہ ملک بھر کے تمام صارفین پر 51 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیزینگ ایجنسی کی جانب سے اپریل کے مہینے کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت کی۔سی پی پی اے نے اپریل کے مہینے کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے چھ پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی۔ نیپرا کی جانب سے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ اورنوٹیفکیشن بعد میں جاری کیا جائے گا۔ دوران سماعت نیپرا حکام کی جانب سے کہا گیا کہ اپریل میں گیس سے 7.82 اور ایل این جی سے 10.78فیصد بجلی پیدا کی گئی اوراس کمی کو فرنس آئل چلا کر پورا کیا گیا۔ علاوہ ازیں ملک میں توانائی کا بحران شدت اختیار کر گیا، شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگیا ۔پاورڈویژن کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب 28200 میگاواٹ ہوگئی جبکہ رسد 21200 میگاواٹ کے لگ بھگ ہے۔ ملک کے مختلف علاقوں میں 10 سے 12 گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے، زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں بجلی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ زیادہ ہے۔ تیل گیس کوئلے کی قلت کے باعث متعدد پلانٹس بند ہیں، لیسکو کا شارٹ فال 8 سو میگاواٹ ہوگیا ۔لاہور میں ہر 2 گھنٹے بعد ایک گھنٹے کے لئے بجلی بند رہنے لگی ۔