مزید خبریں

پی ٹی آئی کا پولیس تشدد کی وڈیوز عالمی کمیشن میں پیش کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (آن لا ئن) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ پولیس تشدد کی وڈیوز کو انٹرنیشنل ہیومن کمیشن میں پیش کریں گے،پولیس نے گھروں میں گھس کرغنڈہ گردی کی، پاکستان میں بھی کریمنل شکایات درج کرائیں گے،لانگ مارچ کو پروٹیکشن دینے کے لیے پٹیشن دائر کریں گے، عدالت عظمیٰ فیصلہ دے احتجاج ہمارا حق ہے یا نہیں۔ انہوں نے سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان وڈیوز کو اکٹھا کررہے ہیں، ان وڈیو زکو انٹرنیشنل سطح پر بھی اٹھائیں گے، ساری وڈیوز کو ہیومن کمیشن بھیج رہے ہیں، اور اقوام متحدہ کی توجہ بھی دلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہحج آپریشن میں مولانا صاحب نے سعودی عرب جاتے ہی پیسے بڑھا دیے، وہاں دورے پر جاکر لوگوں کو مجبور کیا کہ کرائے کی بلڈنگ اور انتظامات میں اضافہ کیا جائے اس میں کمیشن رکھا جائے، پیٹرولیم کے وزیرمصدق ملک کے مطابق زہر کھانے کو پیسے نہیں، لیکن پھر یہ دورے کیوں کررہے ہیں؟، وزیراعظم چھٹے دورے پر روانہ ہوگئے ہیں، وزیراعظم نے 5 گھروں کو کیمپ آفس ڈکلیئر کیا اور وزیراعظم ہاؤس میں سوئمنگ پول رینوویٹ کررہے ہیں، اتنے خرچے کررہے ہیں تو تھوڑے پیسے بچا لیں، سرکار کے پیسے کو اللے تللے پر اڑیا جارہا ہے۔ لگتا ہے حکومت تماش بینوں کے حوالے کردی گئی ہے۔اس موقع پر حماد اظہر نے کہا کہ کارٹون حکومت کے 4 نمونے اس وقت وزارتیں چلا رہے ہیں، پیرلال کے پاور پلانٹس بند پڑے ہیں۔